دستر خوان کی شان سحری و افطاری کے خاص الخاص پکوان

April 11, 2023

عظمٰی صدیقی

یقیناً آپ نے ہمارے بتائے ہوئے خاص الخاص پکوانوں سے اپنے سحری اور افطاری کے دسترخوان کا اہتمام بہ خوبی کیا ہوگا، اسی طر ح اس ہفتے بھی ہم آپ کو سحری اور افطاری کے کچھ خاص کچھ عام پکوان کی تراکیب بتا رہے ہیں، انہیں بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں، پھر دیکھیں گا گھر والے آپ کے کھانوں کی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

……تندوری پراٹھا ……

اجزا: آٹاایک کپ ،میدہ ایک کپ ،خمیر ایک چائے کا چمچہ، نمک دو چائے کے چمچے،گھی، مکھن حسب ِضرورت۔

ترکیب: آٹا ، میدہ ، خمیر، نمک اور پسی چینی مکس کرکے پانی سے گوندھ کر بیس منٹ کے لئے ڈھک کر رکھ دیں۔ پیڑہ بنا کر روٹی بیل لیں۔ تیل لگا کر روٹی کو رول کرلیں۔ اب جلیبی کی طرح پیڑہ بنائیں۔ دوبارہ روٹی بیل کر اوون میں 200 ڈگری پر رکھیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ ایک حصہ پک جائے تو دوسرا حصہ پکا لیں۔ مزے دار تندوری پراٹھا تیار ہے۔

……اسپینش آملیٹ……

اجزا: گائے کا قیمہ ایک پاؤ ، انڈے چار عدد، پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد، فرنچ بینز (چھوٹے کٹے ہوئے)چارعدد، آلو (ابلے اور چھوٹے کٹے ہوئے)دو عدد، کٹی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، پنیر(کدوکش)2 کھانے کے چمچے، بیسن آدھا چائے کا چمچہ، دودھ آدھا کپ ،نمک حسب ذائقہ، زیتون کاتیل ایک کھانے کا چمچہ، تیل ایک چائے کا چمچہ

ترکیب:انڈوں کی سفیدیوں اور زردیوں کو الگ کرلیں۔ سفیدیوں کو بیڑ کی مدد سے خوب پھینٹیں اور زردیوں کو الگ پھینٹ لیں اس میں آلو، پیاز، فرنچ، بینز ،بیسن اور دودھ ملا لیں۔ فرائننگ پین کو تیل سے چکنا کریں ،پھر سفیدی پھیلائیں۔ اس پر زردی، زیتون کا تیل ،پنیر، کالی مرچ اور نمک ملاکر چند منٹ تک پکائیں اور پلیٹ میں نکال لیں۔

……وائٹ چکن قورمہ ……

اجزا: چکن ایک کلو ،ناریل (پساہوا) آدھی پیالی ،بادام (پسے ہوئے ) آدھی پیالی۔ دہی اور کریم ایک پیالی ،پیاز دو عدد، ہری مرچ 9 عدد ( پیسٹ بنالیں ) زیرہ ( کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ ،گرم مسالہ ( پساہوا ) ایک چائے کا چمچہ، کالی مرچ (کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ ،لہسن اور ادرک (پسا ہوا ) ایک چائے کا چمچہ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے ،ثابت لال مرچ8 عدد ،تیل آدھی پیالی

ترکیب: پہلے ایک پتلی میں تھوڑے سے پانی میں پیاز گلنے کے لیے ہلکی آنچ پر رکھیں اور ساتھ ہی چکن دھو کر دوسری پتلی میں گلنے کے لیے رکھ دیں ۔جب پیاز گل جائے تو چمچے کی مدد سے اسے میش کرلیں اور چکن بھی اس میں شامل کردیں اور جب چکن کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں نمک ،لہسن اور ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔

پلیٹ میں چکن نکالیں اور اسی تیل میں پسی ہوئی پیاز فرائی کرکے تمام مسالے، ناریل، بادام اور دہی شامل کر کے اس وقت تک بھونیں جب تک تیل اوپر نہ آجائے، پھر اس میں فرائی کی ہوئی چکن اور کریم ڈال کرتھوڑی دیر چمچہ چلائیں اور دم پر رکھ دیں۔ آخر میں توے پر ثابت لال مرچ اور زیرہ ہلکاسا بھون کر کوٹیں اور چکن میں شامل کر کےدیگچی ڈھانپ دیں ڈش میں نکلتے وقت لیموں کا رس ڈال دیں۔ مزیدار وائٹ چکن قورمہ تیار ہے۔

……تکہ سموسہ……

اجزا: چکن بریسٹ دو عدد، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، تکہ مسالہ دو سے تین کھانے کے چمچے،سموسہ پٹی دس عدد، انڈہ ایک عدد (پھینٹا ہوا)، لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک حسب ِضرورت

ترکیب:چکن بریسٹ پر اچھی طرح تکہ مسالہ لگا کر ایک گھنٹے کے لئے میری نیٹ کر لیں۔ ایک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچے تیل گرم کرکے اس میں چکن شامل کرکے پکائیں یہاں تک کہ چکن گل جائے۔ اب اسے فوڈ پروسیسر میں پیس لیں اور باقی کے تمام اجزاء بھی شامل کردیں۔ پھر سموسہ پٹی میں چکن مکسچر رکھ کر سموسہ کی شکل میں فولڈ کریں اور انڈے کی مدد سے کناروں کو بند کر لیں۔ گرم تیل میں سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔افطاری میں کیچپ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

……چکن چیز رول ……

اجزا: چکن بریسٹ آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،چیڈر چیز سو گرام ،درمیانی پیاز ایک عدد، کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ،

سر کہ دو چائے کے چمچے ،چلی ساس دو چائے کے چمچے ،سویا سوس دو چائے کے چمچے، اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں تین سے چار عدد ،ہرا دھنیا آدھی گٹھی، ڈبل روٹی کے سلائس تین عدد ،انڈے دوعدد،ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت، میدہ دو کھانے کے چمچے، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ِضرورت،تیل حسب ِضرورت۔

ترکیب:فرائی پین میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے دومنٹ تک فرائی کریں ،پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک، سرکہ، سویا سوس اور چلی ساس ڈال کر ایک سے دومنٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔ چاپر میں ڈبل روٹی کے سلائس ،ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس مکسچر کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔

چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن مکسچر کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنا لیں۔ انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں۔ رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔

……پکوڑے……

اجزا: بیسن آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، اجوائن دو چٹکی بڑی ہری مرچیں آ ٹھ عدد، پیاز ایک عدد درمیانی، نمک حسبِ ضرورت، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، تیل حسب ِضرورت ، چاٹ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، انار دانہ دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب:چھری کی مدد سے ہری مرچیں بیچ میں سے ہلکی سی کاٹ کر بیچ نکا لیں۔ اس کے بعد تمام مسالوں کو اچھی طر ح ملا کر اسے چھوٹے چمچے کی مدد سے مرچوں میں بھر دیں۔ بیسن میں پانی مکس کرکے آمیزہ بنا لیں۔کڑھائی میں تیل گرم کریں۔ مسالہ بھری ہوئی مرچوں کو بیسن میں لپیٹ کر درمیانی آنچ پر تلیں اور سنہرا ہونے پر نکال لیں۔ کیچپ یا چٹنی کے ساتھ کھائیں۔