طلبہ کی جعل سازی، آسٹریلیا نے بھارتیوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند کردیئے

May 30, 2023

کینبرا (نیوز ڈیسک) آسٹریلوی جامعات نے بھارتیوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند کردیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں نے بھارت کی 6ریاستوں کے طلبہ کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، جن میں اتراکھنڈ، اتر پردیش، گجرات، ہریانہ، پنجاب اور مقبوضہ کشمیر شامل ہیں۔ یونیورسٹیوں نے تصدیق کی کہ حکومتی ہدایت کے بعد بھارت کی 6ریاستوں کے لیے ویزا فراہمی کو بند کر رہے ہیں۔آسٹریلیا کی وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ بھارتی طلبہ کی جانب سے دی گئی زیادہ تر درخواستیں حقائق کے منافی اور جعلی ہیں، جس کے پیش نظر یونیورسٹیوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ پابندی کم از کم 2ماہ تک جاری رکھی جائے۔ اس سلسلے میں فیڈریشن یونیورسٹی اور ویسٹرن سڈنی یونیورسٹیوں نے ایجوکیشن ایجنٹس کو تازہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان ریاستوں کے طلبہ کیویزا درخواستیں قبول نہ کریں۔ ادھردی سڈنی ہیرالڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی یونیورسٹیاں ویزے کے اجرا کے عمل کو مزید سخت بنانا چاہتی ہیں ،جن میں وکٹوریا یونیورسٹی، ایڈتھ کوون یونیورسٹی، وولونگونگ یونیورسٹی، ٹورینس یونیورسٹی شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارتی میں انتہاپسندی عروج پر ہے اور اب سرکاری سطح پر مسلمان خواتین کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔ حالیہ واقعہ تمل ناڈو میں پیش آیا، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما بھونیشور رام نے اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کے باحجاب ہونے پر ہنگامہ کھڑا کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ ناگ پٹنم ضلع کے سرکاری اسپتال میں پیش آیا۔ رات کی ڈیوٹی کے دوران خا۔تون ڈاکٹر حجاب پہنے ہوئے تھیں،جس پر بی جے پی رہنما نے خاتون ڈاکٹر کی تضحیک کی۔ بی جے پی رہنما اس دوران خاتون ڈاکٹر کی وڈیو بھی بناتا رہااور منع کرنے کے باوجود باز نہیں آیا۔ خاتون ڈاکٹر کی جانب سے اس حرکت پر شکایت درج کرائی گئی،تاہم پولیس نے رسمی کارروائی کے سواکچھ نہیں کیا۔