عرس خواجگان موہڑہ شریف کی تقریب، امت مسلمہ کو نبی کریم ﷺ کے پرچم تلے متحد ہونا ہوگا، علمائے کرام

May 31, 2023

برمنگھم (ابرار مغل) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی آستانے موہڑہ شریف پاکستان کے بزرگان دین کا سالانہ عظیم ا لشانعرس خواجگان موہڑہ شریف برمنگھم میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ والئی موہڑہ شریف و عالمی مبلغ اسلام حضرت پیر ڈاکٹر فضیل عیاض قاسمی موہڑوی کی نگرانی و سرپرستی میں عرس کی مرکزی محفل برمنگھم کی جامع مسجد گھمکول شریف میں زیر صدارت حضرت پیر جہانزیب بادشاہ قاسمی منعقد ہوئی جس میں برطانیہ بھر سے عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ پاکستان بھر کے عظیم روحانی آستانوں کے سجادہ نشینوں،مذہبی و دینی اسکالروں سمیت علماء کی بہت بڑی تعداد نے اس عرس سے خطاب کیا اور موہڑہ شریف کے بزرگان بابا جی خواجہ پیر محمد قاسم صادق موہڑوی،خواجہ پیر محمد زاہد خان موہڑوی اور دیگر ہستیوں کی روحانی،ملی اور مذہبی خدمات کو حراج عقیدت پیش کیا۔ والئی موہڑہ شریف و عالمی مبلغ اسلام حضرت پیر ڈاکٹر شہزادہ فضیل عیاض قاسمی نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے اپنے دین اسلام پر عمل پیرا ہو کر اپنے طرز عمل اور کردار سے ایسی شمع روشن کی ہے جس کا فیضان آج یورپ تک آن پہنچا ہے ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فیضان موہڑہ شریف کو جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے پوری امت بالخصوص مملکت خداد پاکستان کے مسلمان نبی کریمؐ کے پرچم تلے متحد ہوجائے تاکہ دنیا جان سکے کہ ہمارے نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور مشن کیا ہے انہوں نے پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے اس کادفاع و سلامتی ہمارا دینی فریضہ بھی ہے آج جہاں ہم عرس موہڑہ شریف کو منا رہے ہیں وہی اسی مقدس دن ہمارا وطن اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا یوم تکبیر کا پیغام بھی یہی ہے کہ ہم نعرہ تکبیر بلند کریں ۔موہڑہ شریف کے اس سالانہ عُرس سے صدر محفل صاحبزادہ پیر جانزیب بادشاہ قاسمی،خلیفہ مجاز صادق علی قاسمی، سجادہ نشین سخی سلطان باہو صاحبزادہ پیر فیاض الحسن قادری،علامہ منظور حسین قاسمی ،علامہ نزاقت حسین ، امام و خطیب کیپ ہل علامہ قاری فخر الزمان ، پیر ظہیر الدین صدیقی ،علامہ راجہ محمد اشتیاق خان سمیت برطانیہ بھر سے آے دینی و مذہبی حلقوں نے اپنے اپنے خطابات میں خواجگان موۂڑہ شریف کے کردار و خدمات کو سراہا اور کہا کہ موہڑہ شریف کے والئیان و خواجگان نے دکھی اور بے بس انسانیت میں فیضان بانٹا اور انکے عقائد و اسلامی نظریات کے درستگی فرمائی ،ان کےمشن کی تکمیل ہماری بھی ذمہ داری ہے اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد،پاکستان و برطانیہ کے استحکام و سلامتی اور کشمیر سمیت تمام مسلم مقبوضہ علاقوں کی آزادی کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔آخر میں خواجگان موہڑہ شریف کا لنگر بھی شرکاء کو پیش کیا گیا۔