پاک فوج کےشانہ بشانہ، شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مقررین

May 31, 2023

ویانا (اکرم باجوہ) پاکستان عوامی پارٹی آسٹریا کے صدر امجد پرویز بھٹی ، جنرل سیکرٹری پروفیسر ملک شوکت اعوان کی زیر سرپرستی یومِ تکریم شہداء پاکستان ،یوم تکبیر ، استحکامِ پاکستان، پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے 23ڈسٹرکٹ ویانا کے مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز ملک حسن اعوان کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور نعت رسول مقبولﷺ محمد افراق نے پیش کی ۔نظامت کے فرائض پروفیسر ملک شوکت اعوان نے ادا کرتے ہوئے شرکاء کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ25سال قبل پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں سات ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا اور ایٹمی طاقت بننے پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا، نہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے پاکستان پر وہ احسان کیا جو رہتی دنیا تک پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادتیں یاد رکھیں گی ۔انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور اس وقت کی مسلم لیگ ن کی حکومت کے ایٹمی پروگرام کو پایا تکمیل تک پہنچانے میں کردار کی تعریف کی اور پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج ہماری سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے۔ تقریب میں مقصود احمد مغل نے پاکستانی فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں حاجی ملک امین اعوان ،الحاج خواجہ محمد نسیم ،منیر احمد مغل ،حافظ نعیم ،بابر خان فہیم ، کلیم رفیق مسیح نے بھی پاکستان کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم سب پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، دیار غیر میں رہتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ملک عمیر اعوان نے جرمن زبان میں پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔پاکستان عوامی پارٹی آسٹریا کے صدر امجد پرویز بھٹی نے کہا کہ ہم سب پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم کس طرح شہیدوں کو بھول سکتے ہیں ،شہیدوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہم اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اداروں کو مضبوط کرنا سیاستدانوں کا کام ہے، جب ادارے مضبوط ہوں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔تقریب کے آخر میں حافظ محمد نعیم نے اجتماعی دعا کرائی۔