ENT میں نوجوان ڈاکٹرز کی کم دلچسپی انتہائی تشویشناک ہے، پروفیسر طارق رفیع

May 31, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر طارق رفیع نے کہا ہے کہ ای این ٹی میں نوجوان ڈاکٹرز کی کم دلچسپی انتہائی تشویشناک ہے جبکہ دیگر امراض ناک، کان اور حلق کے ماہرین نے کہا ہے کہ انڈواسکوپک ایئر (کان کی )سرجری ایک کم وقت طلب سہل اور جدید طریقہ علاج ہے اس لئے پاکستان میں ای این ٹی میں کیریئر بنانے کے خواہشمند ینگ ڈاکٹرز کو اس جانب آنا چاہیٔے جلد ہی انڈو اسکوپک ایئر سرجری پر ہینڈز آن ورک شاپ بھی منعقد کی جائے گی۔ کان کے پردے کی خرابی اور سماعت سے محرومی کی صورت میں کان کے پردے کی اس طریقے سے مرمت اور سماعت کی بہالی پہلے سے بہتر ہو سکتی ہے۔ یہ باتیں ان ماہرین نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام آراگ آڈیٹوریم میں فرسٹ انڈو اسکوپک سرجری سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر طارق رفیع سمپوزیم کے مہمان خصوصی تھے جبکہ کلیدی خطاب انگلینڈ سے آئی ہوئی ای این ٹی کنسلٹنٹ ڈاکٹر شادابہ احمد نے کیا۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر زیبا احمد اور ڈاکٹر تہمینہ جنید نے بھی خطاب کیا۔ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طارق رفیع نے کہا کہ اس وقت جدید ٹیکنالوجی نے میڈیکل اور سرجیکل پروسیجرز کو آسان بنا دیا ہے، این ٹی کے شعبے میں بھی نئی چیزیں آرہی ہیں جیسے یہ انڈواسکوپک ایئر سرجری،مگر ایک بات اہم ہے کہ ای این ٹی میں آنے والی ریزیڈنٹس (ڈاکٹرز) کی تعداد بہت ہی کم ہے اور مسلسل انحطاط کا شکار ہے۔ یہ اچھی علامت نہیں اس کی ایک وجہ تو پے اسکیل کی کمی کا فرق بھی ہے لیکن سیکھنے کے لئے بہت سی قربانیاں دینا پڑتی ہیں ۔