جامعہ کراچی، تنویر حیدر کیلئے بعد از مرگ کیمیاء میں ایم فل کی سند منظور

June 01, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی نے معروف ماہر امراض جلد سید تنویر حیدر کو بعد از مرگ زبانی امتحان کے بغیر کیمیاء میں ایم فل کی سند دینے کی منظوری دیدی ہے اس بات کی منظوری جامعہ کے بورڈ برائے اعلی تعلیم و تحقیق نے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت دی۔ ایم فل/ پی ایچ ڈی کی داخلہ کنوینر ڈاکٹر انیلا امبر ملک نے جنگ کو بتایا کہ شعبہ کیمیاء کی صدر ڈاکٹر حاجرہ اور ان کے اساتذہ کی جانب سے یہ درخواست کی گئی تھی کہ مرحوم بہت ذہین اور فعال طالبعلم تھے اور انھوں نے ایم فل پر اپنا تحقیقی مقالہ جمع کرادیا تھا جس کی رپورٹ ماہرین نے مثبت قرار دی تھی اب ان کا زبانی امتحان باقی رہ گیا تھا کہ وہ اچانک حرکت قلب بند ہونے کے باعث خالق حقیقی سے جاملے چنانچہ انھیں زبانی امتحان سے مبرا قرار دیتے ہوئے ایم فل کی سند جاری کی جائے جس کی منظوری وائس چانسلر نے دیدی۔ شعبہ کیمیاء کی صدر شعبہ ڈاکٹر حاجرہ نے جنگ کو بتایا کہ سید تنویر حیدر کی عمر 50سال تھی اور انھوں نے بیرون ملک سے امراض جلد میں ایم ڈی کررکھا تھا اور وہ مشہور ماہر امراض تھے جو “جلدی ذرات” پر تحقیق کررہے تھے اور یہی موضوع ان کے ایم فل کے مقالے کا بھی تھا۔ ان کا تحقیقی مقالہ جمع ہوچکا تھا اور ماہرین کی رائے بھی آچکی تھی اور صرف زبانی امتحان رہ گیا کہ کہ اچانک ان کا انتقال ہوگیا پھر ان کے اہل خانہ نے مرحوم کی ایم فل کی سند کی خواہش کے پیش نظر شعبہ کو درخواست تھی جسے پورے شعبہ کے اساتذہ نے آگے بڑھایا اور اس بات کا سہرا وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کے سر جاتا ہے جن کی زیرصدارت اجلاس نے مرحوم کی تحقیق کی حوصلہ افزائ کرتے ہوئے انھیں ایم فل کی سند سے نوازا اور جامعہ کراچی کے لیے ایک عمدہ مثال قائم کی۔