آئی ڈی اے کی پالیسی فریم ورک اور وفاقی بجٹ کی تجاویز تیار

June 03, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) اسلام آباد ڈیویلپرز ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت کے بلڈرز اور ڈیویلپرز کے ساتھ طویل مشاورت کی جس میں سی ڈی اے کے ساتھ پالیسی فریم ورک پر کام کرنے کے علاوہ آئندہ بجٹ کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بنیادی توجہ ضمنی قوانین سے متعلق امور کی طرف مبذول کرائی گئی۔ آئی ڈی اے کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ یہ کمیونٹی لیڈ آرگنائزیشن ہے جو اسلام آباد کی تعمیرو ترقی میں شامل ڈیویلپرز اور سٹیک ہولڈرز پر مشتمل ہے۔ ایسوسی ایشن پائیدار اور موثر ترقیاتی طریقوں کو فروغ دینے کیلئے وقف ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی ترقی اور خوشحالی میں مددگار اور معاون ہیں۔ اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ جائیداد کی خریدو فروخت پر ود ہولڈنگ ٹیکس سے متعلق 236کے نان فائلرز پر عائد اضافی لاگت کی وجہ سے پراپرٹی کے لین دین پر نقصان دہ ثابت ہو گا۔ پراپرٹی کے فروخت کنندگان کیلئے یہ رقم دوگنی ہو کر چار فیصد اور نان فائلرز کیلئے سات فیصد ہو گئی ہے۔ کیپٹل گین ٹیکس کی مدت بھی 6سے کم کر کے 4سال کر دی جائے۔ سیکشن سیون ای سے متعلق پالیسی جو اضافی جائیداد پر سمجھی جانے والی آمدنی پر ٹیکس لاگو کرتی ہے‘ اضافی ٹیکس کے بوجھ کی وجہ سے جائیدادوں کی خریداری میں مزید کمی کا باعث بنی ہے۔ اس میں سرمایہ کاروں اور اختتامی صارفین دونوں کو اضافی جائیدادیں روکنے سے روک دیا ہے اور بیرون ملک سے ترسیلات زر جو پہلے ہی متاثر ہیں اُن میں بھی مزید کمی آئیگی کیونکہ ان میں سے زیادہ تر فنڈز جائیداد میں بھی لگائے جا رہے تھے۔