جبران ناصر گھر پہنچ گئے

June 03, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سماجی رہنما ایڈووکیٹ جبران ناصر اپنے گھر پہنچ گئے ۔جبران ناصر کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ڈی ایچ اے فیز 5سے دس سے پندرہ مسلح افراد اپنے ہمراہ لے گئے تھے،انکے اغواہ کا مقدمہ تھانہ کلفٹن میں انکی اہلیہ منشا پاشا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیم جبران ناصر سے ملاقات کرے گی جس میں ان سے واقعہ سے متعلق معلومات لی جائیں گی۔ جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لاپتہ ہونا انوکھی بات نہیں ہے ،وکلاء صحافی، سیاستدان اور میرے اپنے سب فکرمند تھے ،سیاستدانوں کی بھی دعائیں اور کاوشیں تھیں اس ہی وجہ سے میں اپنوں کے درمیان ہوں اور میں سب کا شکر گذار ہوں،انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر میرا کچھ عزم اور جدوجہد ہوگی تب ہی سب میرے ساتھ تھے ،میرے ساتھیوں نے ضروری سمجھا کہ میری بازیابی کے لئے آواز اٹھائیں ،انہوں نے کہا کہ یہ عزم اور جدوجہد جاری رہے گی۔دریں اثنا پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ مختلف فنکاروں نے سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر کی گمشدگی پر ان کی اہلیہ اور اداکارہ منشا پاشا سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جبران ناصر کی بخیریت واپسی کا مطالبہ کردیا۔