راول ڈیم میں زہریلے کیمیکل سے آبی حیات کی ہلاکت، قائمہ کمیٹی کا نوٹس

June 04, 2023

اسلام آباد(ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سنیٹر سیمی ایزدی نے راول ڈیم میں مبینہ طور پر زہریلے کیمیکل کی وجہ سے بڑی تعداد میں آبی حیات کے مرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے پر قائمہ کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے عالمی یوم ماحولیات پر اتوار کو مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے دورہ کے موقع پر بھی اس معاملے پر بات ہو گی ۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی نے کہا کہ زہریلے کیمیکل سے بڑی تعداد میں مچھلیوں، آبی پرندوں ، کچھووں اور دیگر آبی حیات کی ہلاکت کا سن کر دکھ ہوا ۔ تمام متعلقہ اداروں کو مل کر اس معاملے سے نمٹنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام ذمہ دار اداروں سے رپورٹس لی جائیں گی تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ راول ڈیم سے پانی راولپنڈی کے شہریوں کو پینے کیلئے فراہم کیا جاتا ہے ، اس معاملے کو بھی دیکھنا ہو گا۔