’’مادام آدھے آم آپ کیلئے اور آدھے برادر محترم ایردوان کیلئے‘‘

June 05, 2023

اسلام آباد (فاروق اقدس/ خصوصی رپورٹ) صدر رجب طیب ایردوان جنہوں نے اپنی تیسری صدارتی معیاد کیلئے پارلیمنٹ میں حلف لیا دارالحکومت انقرہ میں ہونے والی اس تقریب جہاں بڑی تعداد میں عالمی راہنماؤں نے شرکت کی ان میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی سرفہرست تھے۔ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان ۔ ترک خاتون اول امینہ ایردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان پاکستانی آموں کے حوالے سے خوشگوار مکالمہ ترک میڈیا کی زینت بن گیا۔ اس موقعہ پر وزیراعظم شہباز شریف نے خاتون اول کو مخاطب کرتے ہوئے ازرہ تفنن برجستہ کہا۔ مادام ان میں آدھے آم برادر محترم ایردوان کیلئے ہیں اور آدھے آپ کیلئے ہیں، اس موقعہ پر سب نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس برجستہ جملے کو ہنستے ہوئے انجوائے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا رجب طیب ایردوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام آپ کے انتخاب پر بہت خوش ہیں، آپ کی دعوت کا بہت شکریہ آپ نے اپنی خوشیوں میں ہمیں شریک کیا۔ رجب طیب ایردوان نے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔