لیاری ایکسپریس وے پر گندگی کے ڈھیر سے حادثات کا خدشہ

June 05, 2023

کراچی(این این آئی)لیاری ایکسپریس وے کے ٹریک پر گندگی کے ڈھیر لگ گئے، سڑک پر بکھرنے والا کچرا حادثات کا سبب بن سکتا ہے، ٹریک کے اطراف کچرا کنڈیاں ، کچرے کو آگ سے ٹریک پر دھواں اور حد نگاہ کم ہوجاتی ہے، ایکسپریس وے انتظامیہ نے متنبہ کیا ہے کہ اطراف کی آبادی کچرا ٹریک پر نہ پھینکیں ورنہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کے اطراف تجاوزات کی بھرمار ہے، ٹریک کے ساتھ بڑی تعداد میں کباڑ خانے اور کارخانے قائم ہیں علاوہ ازیں انتہائی قریب واقع رہائشی آبادی بھی ٹریک پر کچرا پھیلانے کا سبب بن رہی ہے۔سروے کے دوران دیکھا گیاہے کہ آبادی سے کچرا لاکر ٹریک کے کنارے ڈھیر کیا جارہا ہے، اکثر مکانوں کی بالائی منزلوں سے کچرا براہ راست ٹریک پر پھینکا جارہا ہے جو گاڑیوں سے ٹکرا کر سڑک پر پھیل رہا ہے اور کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔