ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے دیگر واقعات، ایک شخص جاں بحق، 8 افراد زخمی

June 06, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سکھن تھانے کی حدود بھینس کالونی روڈ پر کانٹا کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے 55 سالہ مہر علی ولد جمن خان جاں بحق اور40 سالہ شہزادو ولد جمن خان زخمی ہو گیا،واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا ،پولیس کے مطابق مقتول اور زخمی سگے بھائی اور محمود گوٹھ کے رہائشی ، آبائی تعلق سکھر سے ہے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، معلوم ہوا ہے کہ مقتول سکھر سے کسی لڑکی کو ساتھ لایا اور اسکے ساتھ رہ رہا تھا،مقتول سیکورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا،علاوہ ازیں بفر زون ہارون شاپنگ سینٹر کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 22سالہ عبدالحفیظ ولد محمد فرید زخمی ہوگیا ،پولیس کے مطابق دو ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی تاہم نوجوان سے کچھ نہیں لوٹا اور فائرنگ کر تے ہوئے فرار ہوگئے،سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30سالہ پنوں اور 22سالہ گرداری زخمی ہوگئے ،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، سرجانی خدا کی بستی میں فائرنگ سے 30 سالہ فرحان اور 19 سالہ سہیل زخمی ہو گئے،پولیس کے مطابق واقعہ گولی اتفاقیہ چلنے کے باعث پیش آیا، سپر ہائی وے وسیع پارک کے قریب لوٹ مار کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے 53 سالہ برہان زخمی ہوگیا، نیو کراچی صبا سینما کے قریب جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے 45 سالہ نظام الدین زخمی ہوگیا ، پی آئی بی کے علاقے میں فائرنگ کے پراسرار واقعے میں 53 سالہ محمد ناصر زخمی ہوگیا۔