کسان اتحاد اور اسلام آباد انتظامیہ کے مذاکرات کامیاب، مظاہرین کی واپسی

June 07, 2023

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) اپنے مطالبات کی حمایت میں وفاقی دارالحکومت آنے والے کسان اتحاد اور اسلام آباد انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور مظاہرین نے واپس جانا شروع کردیا ۔ اس سے قبل اپنے مطالبات کی حمایت میں سینکڑوں کسان قافلوں کی شکل میں احتجاج کے لیے وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے تھے ، کیپیٹل پولیس اور رینجرز کے درجنوں جوانوں نے کسانوں کے احتجاجی قافلے کو 26 نمبر چونگی موٹروے چوک پر روک لیا تھا۔ بعد ازاں مذاکرات کے کئی دور ہوئے،کسان اتحاد کا مطالبہ تھاکہ واپڈا کے ناجائز ٹیکس FPA ٹیکس QTR ٹیکس، GST ٹیکس اور دیگر تمام ناجائز ٹیکس ختم کئے جائیں، بجلی کانرخ معاہدہ کے مطابق 12.70 پیسے ون یونٹ ریٹ رکھا جائے،یوریا کھاد کا ریٹ 1800 روپے، جبکہ ڈی اے پی کا ریٹ 6000 مقرر کیا جائے، کسانوں کے ٹیوب ویل سولر پر لگوائے جائیں۔شوگر ملز کے بقایا جات کسانوں کو فوری ادا کئے جائیں، تمام فصلوں کے ریٹ کا اعلان کاشت سے پہلے کیا جائے، کسانوں کو معاہدے کے مطابق فری ٹریکٹر مہیا کئے جائیں،زرعی بنک سے آسان اقساط پر قرضہ دیاجائے۔