الیکشن ہی کسی سیاسی لیڈر کی مقبولیت کا فیصلہ کرینگے، طارق فضل

June 08, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن ہی کسی سیاسی لیڈر کی مقبولیت کا فیصلہ کریں گے، فوجی عدالتوں کو پہلے بھی سویلین جیوڈیشل سسٹم میں اسپیڈی ٹرائل نہ ہونے کی وجہ سے اجازت دی گئی تھی،دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) احمد منہاس نے کہا کہ سویلین جیوڈیشل سسٹم بھی اتنا ہی شاندار ہے جتنا ملٹری کورٹس کا ہے ، فرق صرف یہ ہے کہ ملٹری کورٹس میں اسپیڈی ٹرائل ہوتا ہے،صدر سپریم کورٹ بار، عابد زبیری نے کہا کہ ہمارا بار ایسوسی ایشن کا بار کونسل سب کا ایک ہی موقف رہا ہے کہ سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں نہیں ہونا چاہئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سویلین کا کرمنل جسٹس سسٹم ہے اس کے تحت ان کا ٹرائل ہونا چاہئے۔جو 9مئی کا واقعہ ہوا اس کی ہم نے بڑی بھرپور مذمت کی ہے۔ کوئی محب وطن پاکستانی اس کو سپورٹ نہیں کرسکتا۔جن لوگوں نے یہ کیا ہے ان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے ۔سینئر تجزیہ کار اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، نو مئی کے واقعات ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہیں، دیگر اداروں پرتنقید کریں مگر اپنے ہی اداروں پر چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مضحکہ خیز قسم کے مقدمات بنائے جارہے ہیں، ایک شخص کوئٹہ میں قتل ہوتا ہے اس کا مقدمہ عمران خان پر درج ہوجاتا ہے، پانچ ہائیکورٹس نے فیصلے دیئے ہیں کہ ایم پی او سمیت دیگر مقدمات میں پکڑے جانے والے لوگوں کیخلاف شواہد نہیں ہیں لہٰذا انہیں رہا کیاجائے، عدالتوں سے ریمارکس آرہے ہیں کہ جب تک ملزم پریس کانفرنس نہیں کرے گا اسے ضمانت بھی دیدیں تو نہیں چھوڑا جائے گا۔