میئر کراچی، مسلم لیگ ن نے پی پی کی حمایت کردی

June 09, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میئر کراچی کے لئے پی پی کی حمایت کردی جس کا اعلان جمعرات کی شب مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی رہائش گاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی وزیر سعید غنی سے ملاقات میں کیا گیا۔لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سمیت جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ مسلم لیگ (ن) کراچی کے میئر کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے رکن سابق وزیر رانا مشہود نے پارٹی کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر م مریم نواز کی ہدایت پر خصوصی طور پر شرکت کی اور مرکزی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں علی اکبر گجر ، سلمان خان ، خواجہ غلام شعیب اور ناصر الدین محمود شریک تھے۔