پی ٹی آئی رہنما کھڑے رہنے کے بجائے بزدلوں کی طرح بھاگ گئے، میاں سلیم رضا

June 09, 2023

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ) نواز شریف سے متعلق جج ارشد ملک کے ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کرداروں میں سے ایک کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فرنٹ لائن رہنماؤں کے بڑے پیمانے پر اخراج نے وفاداری، اعتماد اور اصولوں کی سیاست کو شرمندہ کر دیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے رہنما رو رہے ہیں ، بھیک مانگ رہے ہیں اور وہ بزدلوں کی طرح بھاگ گئے اور انہوں نے لڑے بغیر ہی ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور پی ٹی آئی رہنما عمران خان نے پاکستان واپسی میں سہولت کیلئے غریبوں کے بچوں سے شہادت مانگتے ہوئے خود جیل جانے سے انکار کر دیا ہے ۔ لندن میں جلا وطن میاں سلیم رضا ،جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں ناصر بٹ ، میاں ناصر جنجوعہ اور دیگر کے ساتھ اہم کرداروں میں سے ایک تھے۔ وہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے احتساب کے چیف شہزاد اکبر کے براہ راست حکم کے تحت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے براہ راست حملے کی زد میں آئے تھے اور اس سکینڈل میں اپنے کردار کی وجہ سے وہ کئی برسوں تک انتقام کا نشانہ بنے رہے۔