کوئٹہ (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پہلی جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کے افتتاح کے موقع پر بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے مفت سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو ٹرین سروس کو مستقبل میں دو ٹرینوں تک وسعت دی جائے گی جبکہ سروس کو پشین، بوستان اور مستونگ تک توسیع دینے کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کے ہمراہ گذشتہ روز جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر ریلویز نے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی اور میٹرو ٹرین کے پہلے آزمائشی سفر میں بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس بلوچستان میں اپنی نوعیت کی پہلی میٹرو ٹرین سروس ہے۔