بجلی صارفین سے100فی صد ریکوری یقینی بنائی جائے، خرم دستگیر

June 09, 2023

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے مشکل حالات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آئیسکو ملازمین کیلئے ایک ماہانہ تنخواہ کے مساوی ہارڈ شپ الاؤنس کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے آئیسکو ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور ریجنل سیکرٹری عمران خان پر مشتمل نمائندہ وفد سے ملاقات کے بعد کیا۔ دریں اثناءچیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے وفاقی وزیر کو آئیسکو کی کارکردگی، ریجن میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں، گورنمنٹ و پرائیویٹ صارفین سے واجبات کی وصولی اور دیگر امور کے متعلق بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کہا کہ بجلی استعمال کرنیوالے تمام صارفین خواہ وہ گورنمنٹ کے ادارے ہیں یا پرا ئیوٹ صارفین سب سے 100فی صد ریکوری کو یقینی بنانا ہوگا۔ یونین راہنماؤں نے وفاقی وزیر کو آئیسکو ملازمین کے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا ۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نےیقین دلایا کہ ملازمین کو عید سے قبل ہارڈ شپ الاؤنس کی ادائیگی اور جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔