ملک میں5 ارب روپے سے 22 اسپورٹس پراجیکٹس کی منظوری

June 10, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے 5ارب روپے کی لاگت سے22میگا پراجیکٹس کی منظوری دے دی ہے۔ سندھ کے لیے نو، پنجاب کے لیے چار، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے لیے تین، تین ، گلگت بلتستان کے لیے دو اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے ایک منصوبے شامل ہوں گے۔ پنجاب میں ملتان، راجن پور، مظفر گڑھ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو، دو سو ملین روپے کے منصوبے ہوں گے۔ سندھ میں ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری کمپلیکس پر 260 ملین روپے لاگت آئے گی۔ کشمور، لاڑکانہ، نواب شاہ، خیرپور، میرپور خاص اور قمبر شہدادکوٹ میں اسپورٹس کمپلیکس اور جمنازیم کے دیگر تمام منصوبوں پر 200 ملین روپےخرچ ہونگے ۔ اسی طرح ڈیرہ بگٹی ، لسبیلہ میں ،ڈیرہ مراد جمالی ، راولاکوٹ ، اسکردو اور گلگت میں کثیر المقاصد اسپورٹس جمنازیم تین سالوں میں تعمیر کئے جائیں گے۔ 22 میگا پراجیکٹس ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے اب تک کے سب سے بڑے منصوبے ہیں۔