پاناما کا معاملہ کچھ اور ہی تھا، 436 افراد میں سے ایک خاندان پر کیس چلایا گیا، جسٹس طارق مسعود

June 10, 2023

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)سپریم کورٹ کے جج جسٹس طارق مسعود نے پاناما سے متعلق کیس میں ریمارکس دیے کہ پاناما کیس کچھ اور ہی معاملہ تھا، 436افراد میں سے صرف ایک خاندان کو الگ کرکے کیس چلایا گیا۔

سپریم کورٹ میں پاناما اسکینڈل میں شامل 436افراد کے خلاف تحقیقات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں جسٹس طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ وہ کچھ کہنا نہیں چاہتے ہیں مگر ایسا کیا ہوگیا تھا کہ 24سماعتوں کے بعد ایک خاندان کے سوا دیگر تمام افراد کے کیسز الگ کردیئے گئے؟ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ یہاں بیٹھ کربہت سی باتیں کرنے کو دل چاہتا ہے مگر نہیں کہہ سکتے۔

اس دوران جسٹس طارق مسعود نے جماعت اسلامی کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ کا مقصد صرف ایک خاندان کے خلاف کیس چلانا تھا؟، ایف بی آر، ایف آئی اے، نیب اور اسٹیٹ بینک موجود ہیں، کیا ریاستی اداروں کو بند کرکے سارے کام سپریم کورٹ سے ہی کرالیں؟ اس پر جماعت اسلامی کے وکیل راجہ اشتیاق نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کاحال یہ ہےکہ 3سال پہلے نوٹس ہوا اور اب تک جواب نہیں آیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی۔