ریلوے کے جاری اور نئے منصوبوں کیلئے 33 ہزار ملین دیئے جائینگے

June 10, 2023

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 24۔2023 کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ریلوے ڈویژن کے 28 جاری اور 9 نئے منصوبوں اور سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 33000 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی دستاویز کے مطابق 28 جاری منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 28850 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 9 نئی سکیموں کیلئے 4150 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ریلوے ڈویژن کے نئے منصوبوں میں ٹریک مشینوں کی تبدیلی کیلئے 400 ملین روپے، پاکستان ریلویز کی موجودہ مین لائن ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن اور حویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ کے قیام کے سی پیک کے منصوبے کیلئے 200 ملین روپے، ویکیوم بریک سے ایئر بریک پر 328 ایم بی ایف آر ایس کی تبدیلی پر 400 ملین روپے، شیرشاہ ریلوے پل نمبر ون اور شیرشاہ کندیاں (ملیان ڈویژن) پر بند کی تعمیر کیلئے 150ملین روپے، ٹنڈو آدم روہڑی سیکشن سکھر ڈویژن پر ٹریک سیفٹی ورکس کی فوری تنصیب کیلئے 1000 ملین رو پےسکھر ڈویژن میں روہڑی خان پور سیکشن پر ٹریک سیفٹی ورکس کی فراہمی کیلئے 1000 ملین روپے، مواصلاتی نظام کی بہتری کیلئے 200 ملین روپے، کراچی لوڈ آؤٹ سٹیشن ٹرمینل پر پورٹ قاسم ریل مال برداری ٹرمینل کے قیام کے منصوبے کیلئے 300 ملین روپے، ریلوے ٹریک کی بحالی کی مشینوں اور کرینوں کی بحالی و مرمت کیلئے 500 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 28 جاری منصوبوں میں وزارت ریلوے کے چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری سپورٹ پراجیکٹ نظرثانی شدہ جاری منصوبہ کیلئے 60 ملین روپے، چمن یارڈ بشمول پاک افغان بارڈر ریلوے ٹریک کی تعمیر کیلئے 592 ملین روپے، کراچی اور بھکر میں ٹریک سیفٹی ورکس کی تعمیر کیلئے 868.891 ملین روپے، کراچی مارشلنگ یارڈ پوائنٹ کی اپ گریڈیشن اور ٹرمینل سہولت کی فراہمی کیلئے 943 ملین روپے، بھرپور گنجائش کی حامل 800 مال بردار بوگیوںاور 200 مسافر کوچوں کی تیاری اور خریداری کیلئے 17639.132 ملین روپے کے قابل ذکر منصوبے شامل ہیں۔ریلوے ڈویژن کے دیگر جاری منصوبوں میں 5 ڈیزل الیکٹرک انجنوں کی بحالی و مرمت کیلئے 500 ملین روپے، 300 کے وی اے کے ڈی جی سیٹس کی بحالی کیلئے 574.160 ملین روپے، کے پی ٹی کی بحالی اور کراچی ریل رابطے کی بحالی (نظرثانی شدہ) کیلئے 693.432 ملین روپے، لودھراں، ملتان، خانیوال، شاہدرہ باغ ایم ایل ون سیکشن کے پرانے سگنل سسٹم کی تبدیلی کیلئے 1277.670 ملین روپے، 100 ڈیزل انجنوں کی خصوصی مرمت اور موجودہ انجنوں پر انحصار کے منصوبے کیلئے 2000 ملین روپے، 600 مسافر کوچوں اور 1200 بوگیوں کی خصوصی مرمت کیلئے 769 ملین روپے اور کوٹری جامشورو ریلوے لنک کی بحالی و مرمت اور کوٹری اخوند آباد کے کوٹری دادو سیکشن کی مرمت و بحالی کیلئے 893.606 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔