نوجوان نسل سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ کرے، پیر طیب الرحمٰن قادری

September 21, 2023

برمنگھم(ابرار مغل) جامع مسجد قادریہ ٹرسٹ برمنگھم میں ماہ ربیع الاول کی آغاز کے ساتھ ہی جشن عید میلاد النبی کی محافل اور مجالس کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جہاں یکم سے بارہ ربیع الاول تک روزانہ کی بنیاد پر محافل و مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں اتوار کے روز قادریہ ٹرسٹ کے سربراہ اشیخ علامہ پیر محمد طیب الرحمٰن قادری کی صدارت و سرپرستی میں استقبال ربیع الاول کی بابرکت محفل منعقد کی گئی جس میں فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پاکستان و برطانیہ کے نامور ثناء خوانوں نے بارگاہ رسالت میں اپنی اپنی خاضری پیش کی ،اس بابرکت محفل سے الشیخ علامہ پیر محمد طیب الرحمن قادری، علامہ سجاد ساجد اور دیگر جیّد علمائے دین نے خطاب کیا اور میلاد مصطفی منانے کی اہمیت اور فضلیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوان نسل کی تربیت و رہنمائی کے لیے اشد ضروری ہے کہ وہ سیرت مصطفیٰﷺ کا مطالعہ کریں اور اپنی عملی زندگیوں میں عشق رسول بسا کر ایسا کردار ادا کریں کہ دنیا امن و محبت کا گہوارا بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم کی عظمت و شان اور مقام و مرتبہ ہماری لیے سب سے بڑھ کر ہے آخر میں الشیخ پیر محمد طیب الرحمن قادری نے اجتماعی دعا بھی کروائی گئی۔