کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز کے روئنگ ایونٹ میں پاکستان کے زاہد اقبال سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ سنگل اسکلز میں زاہد اقبال اپنی ہیٹ میں تیسری پوزیشن پر رہے۔ انہوں نے دو ہزار میٹر کا فاصلہ 7 منٹ اور 34 عشاریہ 60 سیکنڈز میں طے کیا۔ لائٹ ویٹ ڈبل اسکلز میں پاکستانی ٹیم فائنل تک نہ آسکی۔ ڈبلز ہیٹ میں اسد اقبال اور مزمل شہزاد تیسرے نمبر پر رہے ۔ کواڈریپل اسکلز میں پاکستان ہیٹس میں دوسری پوزیشن پر رہا۔ قومی والی بال ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں بھی چائینز تائپے کو3-0سے شکست دی۔ ایران، قطر، فلپائن، چین، بھارت اور جاپان نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لئے، خواتین کرکٹ کے کوالیفکیشن میچ میں ہانگ کانگ نے منگولیا کو180رنز اور مردوں کے فٹبال میں جاپان نے قطر کو ناکامی سے دوچار کیا۔ دریں اثنا پاکستان کی ہاکی ، تائی کوانڈو اور اسکواش کی ٹیمیں جمعرات کی صبح چین روانہ ہونگی۔ ہاکی ٹیم کی قیادت عمر بھٹہ کررہے ہیں۔ ادھر چینی حکام نے میگا ایونٹ کے دوران سیکیورٹی کیلئے فوجی حکام سے مدد حاصل کرلی ہے،سائبر سیکورٹی کیلئے بھی ایک مقامی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے ۔ دریں اثناء شام کے کھلاڑی بدھ کو چین پہنچے تو انہوں نے اولمپکس ویلج میں مختلف ملکوں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں تحائف دیے۔