• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا بڑے گیم سے قبل چھوٹے شکار پر ہاتھ صاف، ایشیا کپ میں عمان کو شکست

دبئی (عبدالماجدبھٹی) ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف بڑے گیم قبل پاکستان نے چھوٹے شکار پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے عمان کوبا آسانی93 رنز سے شکست دےدی، یہ ان کی پہلی کامیابی ہے ۔ اتوار کو دبئی پاک بھارت ٹاکرے کی میزبانی کرے گی۔ عمانی بیٹسمین پاکستانی بولنگ کے خلاف مزاحمت کرنے میں ناکام رہے اور160 کے جواب میں پوری ٹیم 16.4اوورز میں67رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف امارات کی ٹیم 57رنز بناسکی تھی۔ جمعے کی شب دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی بولروں نے مکمل کنٹرول کے ساتھ حریف بیٹنگ کو آؤٹ کلاس کردیا۔ فہیم اشرف نے چھ، صفیان مقیم نے سات اور صائم ایوب نے8 رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ شاہین آفریدی نے20 ، ابرار احمد نے12اورمحمد نوازنے13رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ عمان کے کپتان جتندر سنگھ کو ایک رن اور ساتھی اوپنر عامر کلیم 13رنز صائم ایوب نے پویلین لوٹادیا ۔ محمد ندیم کو صفیان مقیم نے تین رن پر کیچ کرادیا۔ صفیان محمود ایک رن بناکر محمد نواز ، حماد مرزا27رنز بناکر صفیان مقیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں27گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور تین چوکے مارے۔ ونائیک شکلاکو دو رن پر شاہین شاہ نے براہ راست تھرو پر آؤٹ کردیا۔ نویں اوور میں 49رنز پر6وکٹیں گر گئیں۔ ذکریا اسلام بغیر کوئی رن بنائے فہیم اشرف ، شاہ فیصل شاہین آفریدی اور حسنین شاہ فہیم اشرف کی وکٹ بنے ۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا اور سات وکٹ پر 160رنز بنائے ۔ بیٹنگ لائن اپ سلو پچ پر زور دار اسٹروک پلے کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔ وکٹ کیپر محمد حارث کو ون ڈاؤن پر بھیجا گیا، انہوں نے43گیندوں پر سب سے زیادہ66 رنز بنائے ۔ ان کی اننگز مین تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا صائم ایوب ایک بار پھر ناکام رہے، شاہ فیصل نے انہیں صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ محمد حارث نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ پر85رنز کا اضافہ کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے29گیندوں پر29رنز بنائے اور ایک چھکا مارا۔ کپتان سلمان علی آغا مایوس کن انداز میں فل ٹاس پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز نے دس گیندوں پر19رنز چار چوکوں کی مدد سے اسکور کئے۔ حسن نواز 9رنز بناکر شاہ فیصل کا شکار بنے۔ فہیم اشرف نے چار رنز بنائے۔ فخر زمان 16گیندوں پر23رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے انہوں نے دو چوکے مارے۔ پیسر شاہ فیصل نے34رنز دے کر تین ،عامر کلیم نے31رنز کے عوض چار وکٹ لیے۔ محمد ندیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر 47رنز بنائے۔ اننگزمیں تین چھکے اور 15چوکے شامل تھے۔

اسپورٹس سے مزید