دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ اگر بھارت بہت زیادہ پراعتماد ہے تو ٹرائی سیریز جیتنے کے بعد اعتماد پاکستان کا بھی کم نہیں ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا مقابلہ کرے گی۔ پاکستان پانچویں بولر کے طور پر دو پارٹ ٹائمر کو استعمال کررہا ہے، بڑی ٹیمیں انہی پارٹ ٹائمرکو ٹارگٹ کریں گی جس سے بیٹنگ پر پریشر آئے گا ہمیں پانچوں ریگولر بولرز کو کھلانا ہوگا۔ بھارت سے میچ کے بجائے پورے ٹورنامنٹ پر توجہ دیں ۔ جمعے کو جنگ سے گفتگو میں انہوں نے کہا ، ہم بحیثیت قوم صبر نہیں کرتے ، ہمیں نوجوان ٹیم کو وقت دینا ہوگا جس طرح کوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹیم سے ڈراپ کرنے ایک مشکل فیصلہ لیا ہے اس سے لگا کہ کوچ کو اختیارات ملے ہیں، ہمیں اس کو بھرپور انداز میں سپورٹ کرنا چاہیے ، بھلے ہی ایک دو میچ ہارجائیں۔ محمد حارث کا رن نہ بنانا مسئلہ ہے میرے حساب سے اوپنر کو مڈل آرڈر میں کھلایا جائے تو یہ اس کے لئے مشکل ہے۔ حارث کو جتنی بھی گیندیں ملیں وہ اس کا استعمال درست انداز میں کریں۔ خوشی ہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹرائی سیریز میں اچھا لگا اچھی بولنگ کی ، اس طرح ایشیا کپ میں کیا تو پاکستان کو فائدہ ہوگا۔