پیرس (نیوز ڈیسک)برطانیہ کے شاہ چارلس اپنی اہلیہ ملکہ کمیلا کے ساتھ تین روزہ سرکاری دورے پر فرانس پہنچ گئے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں اور شاہ چارلس نے ایلیسی محل میں یوکرین جنگ، افریقا میں حکومتوں کے دھڑن تختے اور مصنوعی ذہانت سے متعلق برطانوی سمٹ پر بات چیت کی۔ شاہ چارلس کے اعزاز میں17ویں صدی میں تعمیر کردہ ورسیلز محل میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بکنگھم محل سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شاہ چارلس فرانسیسی صدر کو ’’لیٹرز آن انگلش‘‘ پیش کریں گے جنہیں ’’یورپی روشن خیالی‘‘ کے دور میں فرانسیسی ادیب وولٹیئر نے تحریر کیا تھا۔ وولٹیئر نے یہ خطوط کتابی مجموعے کی صورت میں شائع کروا کے شاہ جارج اول کو پیش کیے تھے۔ واضح رہے کہ یہ شاہ چارلس کا اپنی زندگی کا 35واں دورہ فرانس ہے۔