آغا سراج و دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے ریفرنس میں وکلا سے دلائل طلب

September 24, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا سے دلائل طلب کرلیے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی مناسبت سے سب معاملات دیکھنے ہیں،احتساب عدالت ،تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے ریفرنس کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی مناسبت سے سب معاملات دیکھنے ہیں۔ دریں اثنا سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ نہیں صرف مہینہ بتایا ہے۔ہمیں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اعتراضات ہیں ، ہم الیکشن کے لئے اب بھی تیار ہیں۔