کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ وحدت امت وقت کی اہم ضرورت ہے امت کو ایک ہوکر بہتر معاشرے اور سلامتی کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی، علماء کرام عوام کو ایک کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، وہ مسلم لیگ فنکشنل علماء مشائخ کے کنونیئر مولانا امین انصاری اور متحدہ علماء محاذ کراچی کے صدر مفتی داؤد کی جانب سے وحدت امت سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، کانفرنس میں علامہ محمد حسین مسعودی، مولانا سمیع الحق، علامہ مشہدی، مولانا امین انصاری، مفتی داؤد، پروفیسر شاہ فیروزالدین رحمانی، فیصل علی بلوچ، مولانا وجیہہ الدین، مولانا چترالی، مولانا گل نواز اور دیگر جید اکابرین نے شرکت کی، سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ اس وقت معاشرہ جن برائیوں اور معاشی بدحالیوں کا شکار ہے اسے ایک ہوکر ہی صحیح سمت لایا جاسکتا ہے اب ہمیں مزید ٹکروں میں نہیں بانٹا جاسکتا، انہوں نے مفتی داؤد کے مرکز انسداد منشیات کے حوالے سے اسے انسانیت کی خدمت قرار دیا اس موقع پر علامہ محمد حسین مسعودی نے اپنے خطاب میں امت کو ایک ہونے پر زور دیا بعد ازاں انسداد منشیات کی نئی تعمیر کی گئی عمارت کا افتتاح کیا گیا۔