کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں سڑکوں کی بحالی کےلئے مجموعی طور پر 21ارب 53کروڑ روپے کے جامع پیکج کی منظوری دے دی ،سب سے زیادہ رقم منگھوپیر ، گڈاپ ،بلدیہ اور ماڑی پور کی ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کیلئے رکھی گئی ہے ،منظور کردہ پیکج میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور بہتری کے لئے 13ارب روپے کی گرانٹ اِن ایڈ شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ کراچی کی 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز نے شدید خستہ حال سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لئے فنڈز کی درخواست کی ہے۔