اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)اقوامِ متحدہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی ایران کے حق میں سفارتی حمایت، جنیوا میں قرارداد مسترد،اقوامِ متحدہ انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کو تیسری بار شکست کا سامنا کر نا پڑا۔ پاکستان نے ایران کے خلاف پیش متنازع اور سیاسی بنیادوں پر مبنی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے واضح اور اصولی مؤقف اختیار کیا، پاکستان نے نہ صرف ووٹنگ کے مطالبے کی حمایت کی بلکہ قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر اسے مسترد کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا، ایرانی قیادت نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتِ پاکستان کے اس تاریخی اور غیر متزلزل تعاون پر اظہارِ تشکر کیا ہے، جبکہ جنیوا میں پاکستان کے مستقل مشن کے سفارتی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک کاوشوں کو بھی سراہا گیا ہے، یہ مؤقف گزشتہ ایک سال کے دوران ایران کے خلاف مبینہ طور پر غیر اشتعال انگیز اور سیاسی محرکات پر مبنی اقدامات کی تیسری ناکامی قرار دیا جا رہا ہے جن میں بیرونی حمایت یافتہ بدامنی، جارحیت اور عالمی اداروں کے مبینہ غلط استعمال کی کوششیں شامل ہیں، مبصرین کے مطابق پاکستان کا یہ اقدام انصاف، کثیرالجہتی سفارتکاری، انسانی حقوق کے احترام اور قومی خودمختاری کے اصولوں سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے جسے ایران نے ہمیشہ یاد رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔