آدھا سندھ سیلاب میں، حکمراں جماعت کرپشن سے باز نہیں آتی، ایم کیو ایم

September 25, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر)قیام پاکستان سے لیکر تاحال سندھ پر ہمیشہ مخصوص ذہن کے وڈیروں جاگیرداروں پر مشتمل حکومتیں قائم ہوتی رہی ہیں مگر سندھ کے غریب عوام کے مسائل حل نہیں کئے گئے اور نہ ہی سندھ کے علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام ہوا، آدھا سندھ ہر سال سیلاب میں بہہ جاتا ہے اور حکمران جماعت ملکی و بیرون ملک سے آنے والی امداد پر بھی کرپشن کرنے سے باز نہیں آتی۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سینئر ڈپٹی کنوینر و سابق سینیٹر نسرین جلیل نے بدین زون کے زیر اہتمام گوٹھ سید باقر شاہ شیرازی ٹھٹھہ میں مختلف برادریوں کے اکابرین و عمائدین کی ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کے لئے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب میں شیرازی برادری،کھوسہ، سومرا، مغیری ، جونیجو ، ملاح اور دیگر مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم ، سابق اپوزیشن لیڈر برائے سندھ اسمبلی رعنا انصار ، جوائنٹ انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی ساجد خانزادہ ضمیر پیروزانی، ایڈووکیٹ سید مہر علی شاہ ،زونل انچارج ٹھٹھہ سمیت زونل کمیٹی، یونٹس ذمہ داران کارکنان اور مختلف برادیوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نسرین جلیل نے کہا کہ سندھ میں اختیار حاصل کرکے صرف اور صرف کرپشن کی گئی اور دونوں ہاتھوں سے سرکاری خزانوں اور عوام کے پیسے کو لوٹ کر باہر ممالک جاکر اپنی جائیدادیں اور سوئس بینکوں میں دولت جمع کی گئی، ایسی کونسی پالیسی ہے جس میں جاگیردار امیر ہوتا جارہا ہے جبکہ غریب کسان ہاری پہلے سے بھی ابتر حالت میں ہے جسے دو وقت کی روٹی تک میسر نہیں؟ بعدازاں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وڈیرے جاگیردار ہر الیکشن کے مواقع میں پانچ سال کے بعد آکر سندھ کے غریب مظلوم اور محکوم عوام کو جھوٹے وعدے اور خواب دکھا کر بیوقوف بنا کر ووٹ لیکر چلے جاتے ہیں پھر پانچ سال تک نظر نہیں آتے پھر عوام انہیں ڈھونڈتے رہتے ہیں-