تقسیم کشمیر کے کسی فارمولے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کمیونٹی رہنما، وحدت کشمیر کانفرنس کا انعقاد

September 29, 2023

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) کشمیر کی وحدت نظریاتی و جغرافیائی سطح پر جتنی مضبوط ہو گی اتنا ہی آزادی کا حصول عنقریب اور یقینی ہوگا۔ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے وحدت کشمیر کانفرنس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ وحدت کشمیر کانفرنس کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیراہتمام برمنگھم کےمقامی ہال میں انعقاد پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی میزبانی کے فرائض صدر کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی مولانا طارق مسعود اور جنرل سیکرٹری صاحبزادہ فاروق قادری نے سرانجام دیے ۔اس موقع پر امیر جمعیت علماء اسلام آزاد جموں و کشمیر شیخ الحدیث و تفسیر مولانا محمد سعید یوسف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں ریاست جموں و کشمیر کی نامور سیاسی شخصیات اور مختلف جماعتوں کے رہنماوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی رہنما جماعت اسلامی پاکستان اور مرحوم قاضی حسین احمد کے بیٹے لقمان قاضی، سابق آزاد جموں و کشمیر چوہدری افسر شاہد، صدر پاکستان پیپلز پارٹی مڈلینڈز، برطانیہ چوہدری شاہنواز، ظفر اقبال ایڈووکیٹ، مفتی خالد محمود، مولانا منظور الزمان خان، قاری اظہار احمد، سابق مشیر آزاد جموں و کشمیر چوہدری منظور حسین، مولانا امداد الحسن نعمانی ، مرزا اختر محمود، سابق اسسٹنٹ لیڈر برمنگھم سٹی کونسل، سابق صدارتی مشیر واجد علی برکی، صدر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ لیاقت لون، سنیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ ایاز خان ایڈووکیٹ ،چوہدری اکرام الحق صدر تحریک کشمیر برمنگھم، حافظ محمد عدیل تصور، حکیم اخترالزمان خان غوری اور دیگر نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہو ئے کہا کہ تقسیم کشمیر کے کسی فارمولے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی وحدت اور آزادی کے لیے لاکھوں کشمیریوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اس مٹی کی خاطر ہزاروں کشمیری خواتین اپنی عزت و آبرو کی قربانی دے چکی ہیں اس خطے کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے ہوش کے ناخن لیں جب تک آخری کشمیری زندہ ہے تو وحدت کشمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور اسکے مستقبل کا فیصلہ کشمیری ہی کریں گے۔ اقوام متحدہ اور اقوام عالم نے کشمیریوں کے ساتھ حق خودارادیت کا جو وعدہ کر رکھا ہے اسے جلد از جلد پورا کیا جا ئے۔ اس موقع پر قاری اشتیاق احمد،محمد نواز رہنما کشمیر فریڈم موومنٹ، چوہدری محمد حنیف، راجہ سکندر اقبال، عابد خان، علامہ محمد عمران، چوہدری وقاص گجر اور دیگر بھی موجود تھے۔