ریاض (شاہدنعیم) سعودی عرب اور پاکستان نے ریاض میں کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ملک ڈیجیٹل اکانومی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیجیٹل اختراع کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل تبدیلی میں تیزی لانے کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئر عبداللہ السواحہ اور پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹرعمر سیف نے دستخط کیے۔ فریقین ڈیجیٹل اکانومی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو بنانے سنوارنے، مشترکہ ٹریننگ پروگرام جدید انداز پر تیار کرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نیز کمیونیکیشن میں ماہر افراد تک رسائی کے لیے مشترکہ کوششوں کا دائرہ وسیع کریں گے۔ فریقین ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے سینٹر قائم کریں گے۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے یہاں یونیورسٹیوں کی شاخیں کھولیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے اختراعی مراِکز اور سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک چھوٹے و درمیانے سائز کی کمپنیوں اور نئی ابھرتی ہوئی کمپنیوں کے نظام میں تعاون بڑھائیں گے۔ الیکٹرانک صنعت، پالیسیوں، ٹیکنالوجیز، سسٹمز اور قانون سازی سے متعلق معلومات کا تبادلہ ہوگا۔