مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد کشمیر میں بجلی کے اضافی ٹیرف، بلوں میں بے تحاشہ ٹیکسز کے نفاذ، پن بجلی منصوبوں میں عدلیہ کے احکامات نظر انداز کرنے، آٹے کی سبسڈی و دیگر عوامی مسائل پر جاری احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے ریاستی مشینری متحرک ہو گئی۔
آزاد کشمیر حکومت نے حکومت پاکستان سے پنجاب کانسٹیبلری، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کو بلانے کا فیصلہ کر لیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے تینوں ڈویژنوں کے ڈی آئی جیز کو مکتوب لکھ دیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ احتجاجی تحریک سے نمٹنے کیلئے اپنی مطلوبہ اضافی فورس کی ڈیمانڈ فراہم کریں کہ ان کو پنجاب کانسٹیبلری، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کی کتنی نفری کی ضرورت ہے اور کون کون سے ضروری آلات وائرلیس و اینٹی رائیٹ آلات وغیرہ کی ضرورت اس سے بھی آگاہ کیا جائے۔