• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغواءکرکے 10لاکھ ہتھیانے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے، شہری کی آر پی او کو درخواست

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)مجھے اغواءکرکے مجھ سے 10لاکھ روپے ہتھیانے والے 6پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔سابقہ فوجی ملازم نے آرپی او کو درخواست دے دی۔ آرپی او کودی گئی درخواست میں طاہرمحمودبھٹی نے مؤقف اختیارکیاکہ 28ستمبر کو صدرمال کی طرف سے اپنی گاڑی میں چکری روڈ جارہاتھاکہ افتخار جنجوعہ چوک سگنل پردوموٹرسائیکلوں اورایک گاڑی نے میری گاڑی کوگھیرلیا،خود کوپولیس ملازمین ظاہرکرکے ان میں سے دوملزمان میرے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گئے جن کے پاس پسٹل بھی تھے اور میری گاڑی کی تلاشی لینی شروع کردی ۔اس دوران انہوں نے ڈیش بورڈمیں رکھے 10لاکھ روپے نکال لئے اور مجھے خیابان سرسید پرانی پولیس چوکی لے گئے جہاں انہوں نے مجھے بندکردیا۔یوں محسوس ہورہاتھاکہ یہ پولیس کاٹارچر سیل ہے ۔وہاں میرے علاوہ زنجیروں میں جکڑے ہوئے دوافراداور بھی تھے ،ملزموں نے مجھے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دیں اور کہاکہ اپنی رقم بھول جاؤ،اپنی جان بچاناچاہتے ہوتوجیساکہتے ہیں ویساکروورنہ تمہاری باقی زندگی جیل میں گزرے گی، اس رقم میں سے حصہ تمام افسران تک جاتا ہے۔ انہوں نے مجھے میراموبائل اور میری گاڑی واپس کردی اور دھمکی دی کہ اگر ہمارے خلاف درخواست بازی کی توتمہیں پولیس مقابلے میں ماردیں گے ۔وہ آپس میں ایک دوسرے کومحمدنصیر ،طیب ،راجہ ارشد وغیرہ کے ناموں سے پکاررہے تھے اور تین دیگر نامعلوم ملزمان بھی تھے ۔میری استدعاہے کہ ان کے خلاف اغوا ء ،ڈکیتی ،حبس بے جامیں رکھنے ،بلیک میل کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے حوالے سے قانونی کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد سے مزید