فن و ثقافت کی بحالی کیلئے نکلے ہیں‘ آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن

November 28, 2023

پشاور ( وقائع نگار)خیبر پختونخوا کے فنکاروں اور ہنرمندوںکی فلاح وبہبود اور فن وثقافت کے فروغ کیلئے قائم کی جانیوالی آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کی تقریب حلف برداری 3 دسمبر کو شام چھ بجے نشترہال میںہوگی جس کے مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا غلام علی ہوں گے جس میں خاکوں اور موسیقی کی رنگارنگ محفل بھی ہوگی ۔گزشتہ روز سینئر وائس چیئرمین طارق جمال ٗجنرل سیکرٹری شازمہ حلیم ٗ جمشیدعلی خان ٗچیف آرگنائزر ڈاکٹر مسعود الرحمان عابد ٗجائنٹ سیکرٹری فوزیہ گلالئی ٗپبلک ریلیشن آفیسر محمدالیاس خان اور فنانس سیکرٹری حمید اللہ خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی زرخیز مٹی کے باصلاحیت فنکاروں کو بچانے اور صوبے کی فن وثقافت کی بحالی کیلئے نکلے ہیں ہنرمندوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہر فورم اور ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔فنکاروںاور ثقافت کے دگرگوں حالات کو دیکھ کر آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن بنانے کی کی ضرورت محسوس کی گئی ۔فنکا ر معاشرے کا انتہائی حساس طبقہ ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ مستقل سکروٹنی کے عمل کے بعد مستحق اور مجبور سینئر فنکاروں کیلئے مستقل وظیفہ شروع کرے ۔انہوں نے حکومت سے فنکاروں کی فلاح وبہبود اور فن وثقافت کے فروغ اور تھیٹر کی بحالی کیلئے جامع پالیسی تشکیل دینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہنرمندوں کیلئے باقاعدہ طورپر ہنرمند انڈومنٹ فنڈ جلد قائم کیا جائے ان کو کام کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ باعزت روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں ۔اباسین آرٹس کونسل میں ہنرمندوںکو نمائندگی دی جائے۔