آسٹریلیا کا دورہ چیلنجنگ، ہمیشہ سیکھنے کو ملتا ہے، سرفراز احمد

November 30, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بینو قادر ٹرافی کے دوران کھلاڑیوں کو لائیو ایکشن میں دیکھنا نوجوان کرکٹرز کیلئے بہترین موقع ہوگا، دو بار آسٹریلیا کا دورہ کرچکا ہوں کافی کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ بابراعظم اور اسٹیو اسمتھ کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جبکہ شاہین اور اسٹارک بھی بیٹرکو تنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بدھ کو ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی نے گزشتہ سیریز میں ڈیوڈ وارنر کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرکے انہیں پریشان کیا تھا، دونوں کرکٹرز کے درمیان جنگ بھی پاکستان کیلئے کارگر ثابت ہوسکتی ہے۔ اس مرتبہ بھی فینز شاہین اور وارنر کا ٹاکرا دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستان کرکٹ فینز ہمیشہ پاکستان ٹیم کی حمایت کرتے ہیں، یقین ہے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی شائقین کی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔