• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز، 43 کھیلوں میں 469 میڈلز کی جنگ شروع، ناگویا میں افتتاحی تقریب

ناگویا ( نصر اقبال، نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز ہفتے کو اسٹیڈیم میں دلکش اور یادگار افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگئے، جس کے ساتھ 43 کھیلوں کے مقابلے اور 469 میڈلز کے حصول کی جنگ کا آغاز ہوگیا، پہلے گولڈ میڈل کا فیصلہ آج ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں جاپانی فن کاروں کے رقص موسیقی باجوں کی دھن نے اسٹیڈیم میں موجود 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، پاکستانی دستے کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں گیمز کی مشعل روشن کی گئی کھلاڑیوں نے حلف اٹھایا۔پاکستان۔ایران اور میزبان جاپان کے دستے کی آمد پر تماشائیوں نے کھڑے ہوکر بھر پور تالیوں کے ساتھ کھلاڑیوں کا استقبال کیا، انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی کی صدر کرسٹی کوونٹری،اولمپکس کونسل آف ایشیا کے سر براہ، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سکریٹری خالد محمود، جاپان کےحکومتی ارکان نے بھی شرکت کی کئی دوسرے ایشیائی ملکوں کے حکومتی نمائندے بھی شریک ہوئے، پاکستانی دستے کی قیادت قومی خواتین کر کٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء او ر اسکواش اسٹار نور زمان نے کی،تقریب میں جاپان کی پرانی اور نئی ثقافت کو پیش کیا گیا، ہیرو شیما کے ہیروز کی یاد تازہ کی گئی، جنگی تباہیسے جاپانی کی ترقی کے سفر کی کہانی پیش کی گئی، حسین وجمیل جاپانی گڑیوں کا رقص توجہ کا مرکز رہا،لیزر شو کے مظاہرے ہوئے، جس سے میزوہو پارک ایتھلیٹک اسٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، افتتاحی تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں میں جاپان کی عالمی بالادستی کو دکھایا گیا، سخت سیکیورٹی کے باعث انٹر نیٹ سروس میں بھی خلل نمایاں رہا،ہزاروں تماشائی اسٹیڈیم کے باہر دکھائی دئیے جو ٹکٹ کے حصول میں ناکام ہوگئے تھے۔منتظمین کو رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت بعض انتظامی مسائل کا اب بھی سامنا رہا ہے۔

اسپورٹس سے مزید