کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کا دوسراراؤنڈ شروع ہوگیا۔ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں ایم آئی ٹی سلوشنز کے محمد فاروق نے ایک اننگزمیں چھکوں کا ریکارڈ قائم کردیا اس سے قبل سابق پاکستانی کپتان ماجد خان نے 1967 میں گلیمورگن کے خلاف 13 جبکہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں ریلویز کے گل فراز خان نے 1976-77 میں پاکستان یونیورسٹیز کے خلاف ایک اننگز میں 12 چھکے مارے تھے ۔ محمد فاروق نے کے آر ایل کے خلاف شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں 14 چھکے لگا دیے۔ وہ 99 گیندوں پر 163 رنز بنا کر آوٹ ہوئے انہوں نے11چوکے بھی مارے ۔ ایم آئی ٹی نے چار وکٹوں پر 476رنز بنا لیے ۔ سلمان خان جونیئر اور عتیق الرحمن نے بھی سنچریاں بنائیں ۔ محمد فاروق نے سنچری صرف 67 گیندوں میں مکمل کی۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم غنی کے خلاف 152 پر آؤٹ ہوگئی۔ فاسٹ بولر شعیب اختر جونیئر نے پانچ اور خرم شہزاد نے چار شکار کیے ۔ کھیل کے اختتام تک غنی دو وکٹوں پر 192 رنزبنائے تھے۔ شرجیل خان کے 120 گیندوں پر 156رنزبنائے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک نے نو وکٹوں پر 278 رنز بنا لیے۔