کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماضی کے دو اسپنرز توصیف احمد اور ثقلین مشتاق نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔سابق سلیکٹر توصیف احمد کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کو اپنے داماد شاداب خان کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، فیور کی حد ہوتی ہے، ثقلین نے انہیں فون کیا اور کسی سے کہلوایا بھی جس کی ریکارڈنگ موجود ہے۔توصیف احمد نے ثقلین مشتاق کا نام لیتے ہوئے کہا کہ کس نے ہاتھ رکھا ہوا ہے، مجھے فون کیا کسی سے کہلوایا بھی جس کی ریکارڈنگ موجود ہے، باہر سے آکر کنٹریکٹ لے لیتے ہو، شان مسعود جو کپتان ہے اسے سی یا ڈی کیٹگری دی جاتی ہے، کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے، ان فٹ ہوکر یہاں بھی چلے جاتے ہو وہاں بھی، اور بیٹھ کر فیور کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا سب کی بات نہیں کر رہا لیکن جن گریٹ پلیئر نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے وہ کوچنگ مین آکر فیل ہوگئے، جب کھلاڑی اچھا نہیں کر رہا ہو اور آپ فیور کریں تو یہ بڑا ظلم ہے، سفیان مقیم کا کیا قصور ہے؟پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ توصیف احمد، آپ نے کہا کہ آپ کے پاس ریکارڈنگ موجود ہے، تو اسے ثابت کریں اور عوام کے سامنے جاری کریں، میں نے آپ کو احترام کے ساتھ فون کیا تھا ۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ میں نے آپ کو ایک سینیئر کی عزت کرتے ہوئے فون کیا تھا، جھوٹ نہ بولیں، حقائق کو نہ چھپائیں اور نہ ہی مسخ کریں۔ میرے پاس بھی پورا ریکارڈ موجود ہے، آپ اپنا ریکارڈ ریلیز کریں پھر میں اپنا جاری کرتا ہوں، حق عوام کو سننے دیں۔