پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے فروغ کی قومی پالیسی پھر تعطل کا شکار

November 30, 2023

کراچی ( نمائندہ جنگ) پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کی قومی پالیسی ایک مرتبہ پھر تعطل کا شکار ہوگئی ہے،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا میں تیزرفتار ی سے تبدیلیاں ہورہی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ایک ہی مرتبہ جامع پالیسی جاری کی جائے ، بے شک اس میں تاخیر ہی کیوں نہ ہوجائے، واضح رہے کہ اس پالیسی کو رواں سال دسمبر میں حتمی شکل دی جانی تھی تاہم یہ ایک مرتبہ پھر تعطل کا شکار ہوگئی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ’اس کی منظوری کا معاملہ آئندہ حکومت تک موخر ہو سکتا ہے۔ حکام کے مطابق ’پالیسی میں تاخیر کی دیگر وجوہات کے علاوہ ایک اہم وجہ مختلف سرکاری اداروں کی طرف سے معلومات کے تبادلے میں سْستی ہے اور ڈیٹا شیئرنگ کا ایک قومی میکانزم بننے تک یہ پالیسی ناقابل عمل رہے گی۔‘وزارت آئی ٹی کے متعلقہ حکام نے مزید کہا کہ ’اے آئی کے موثر نظام کے لیے ضروری ہے کہ تمام ادارے معلومات کی ترسیل کے نظام سے منسلک ہوں اور اس میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ ہو۔