ایئرپورٹس کی سیکورٹی آڈٹ کا معاملہ، کینیڈا کا وفد 4 دسمبر کو کراچی پہنچے گا

November 30, 2023

اسلام آباد ( آن لائن ) ایئرپورٹس کی سیکورٹی آڈٹ کا معاملہ، ٹرانسپورٹ کینیڈا کا وفد 4 دسمبر کو کراچی پہنچے گا۔ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ کینیڈا کا وفد 5دسمبر کو کراچی ایئرپورٹ کی سیکورٹی اورپاکستان سے براہ راست کینیڈا جانیوالی پی آئی اے کی پروازوں سے متعلق جانچ پڑتال کرے گا، کینیڈین وفدپی آئی اے کے جہاز کی جانچ پڑتال بھی کریگا۔ ایئرپورٹ پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وفد کوبریفنگ دی جائے گی۔ کینیڈین وفدکراچی ایئرپورٹ کی سیکورٹی ،کارگو، فلائٹ کچن،گرائونڈ ہینڈلنگ سمیت دیگرشعبہ جات کی آڈٹ کرے گا۔ٹرانسپورٹ کینیڈا کے دورے کا مقصد اسلام آباد،لاہور اورکراچی سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں کی سیکورٹی کو جانچنا ہے اور اسے موثر بنانا ہے کینیڈین وفد کو سی اے اے کی جانب سے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگجز کائونٹر کا بھی دورہ کرایا جائے گاوفد مسافروں کے سامان، اسکریننگ ،جہاز میں سامان منتقل ہونے اور دیگر سیکورٹی آلات کی جانچ پڑتال کے عمل کو مانیٹر کرے گا۔