کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےصوبے کے مختلف علاقوں، خصوصاً کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض پابندیوں کے باعث صوبوں کو ونڈ اور سولر توانائی کے منصوبے آزادانہ طور پر تیار کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سندھ کے پہلے گوگل جیمنائی فار ایجوکیشن کارنر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مالی امور سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کے مطابق سندھ کو جون کے اختتام تک وفاقی حکومت سے 175ارب روپے ملنے تھے، لیکن صرف 91ارب روپے جاری کئے گئے، جس کے نتیجے میں تقریباً 85ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔