پشاورہائیکورٹ ،محکمہ اوقاف کولیز ہولڈرز کوبےدخل کرنے سے روک دیا گیا

November 30, 2023

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاورہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف کوصوبے کے لیز ہولڈرز کو جائیدادوں /دکانوں سے بےدخل کرنے سے روک دیا اور اس ضمن میں فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس عبدالشکور اور جسٹس سید ارشدعلی پرمشتمل بنچ نے محکمہ مسلم اوقاف خیبرپختونخوا کے صدرامتیازاحمد وغیرہ کی رٹ پر سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے محکمہ اوقاف کی دکانوں میں کاروبار کررہے ہیں اور ہمارے ساتھ ساتھ دکانوں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدوربھی روزی روٹی کمارہے ہیں ۔وہ وقت پر کرائے کی ادائیگی کرتے ہیں تاہم محکمہ اوقاف کے حکام کی جانب سے اشتہار جاری کرکے انہیں دکانوں سے زبردستی بے دخل کیاجارہا ہے جس سے مہنگائی کے اس دورمیں انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ رٹ میں محکمہ اوقاف کے اس اقدام کیخلاف حکم امتناع جاری کرنے اور انکی بیدخلی روکنے کی استدعا کی گئی ۔ اس موقع پر عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید آصف جلال کو نوٹس جاری کردیا جنہوں نے جواب جمع کرنے کیلئے مہلت مانگی ہے جبکہ محکمہ اوقاف کوان کرایہ داروں سے سابقہ مقررکردہ کرائے وصول کرنے کا بھی حکم دیا۔