اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان اور کانگریس مین بل کیٹنگ کی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان میں موجود غیر رجسٹرڈ شدہ غیرملکیوں کی مرحلہ وار واپسی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے مل کر کام کرتے رہنے کے عزم کا اظہار ہوا۔ یہ بات سفیر پاکستان مسعود خان کے ٹویٹ میں کہی گئی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی رکن کانگریس بل کیٹنگ نے پاکستان سے غیر قانونی غیرملکی افراد کے انخلاء کے بارے میں اپنا نکتہ نگاہ پیش کیا جبکہ سفیر پاکستان مسعود خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی‘ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے بار بار اس بات کا اعادہ کر رکھا ہے کہ یہ انخلاء افغان سپیسفک نہیں بلکہ یہ دوسرے ملکوں کے بغیر ویزے اور بغیر پاسپورٹ کے پاکستان میں رہنے والے تمام غیرملکیوں کیلئے ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں پاکستان کی طرح لاکھوں غیرملکی بغیر پاسپورٹ بغیر ویزے کے داخل نہیں ہو سکتے۔