کمبریا میں برفباری کے باعث بڑے حادثے کے بعد 1000 گھر بجلی سے محروم، سکولز بند

December 05, 2023

لندن (پی اے) کمبریا میں برفباری کے نتیجے میں بڑے حادثے کے بعد بجلی کی فراہمی میں تعطل جاری ہے۔ شدید برف باری کی وجہ سے ایک بڑے حادثے کے اعلان کے بعد کمبریا میں تقریباً 1000گھر بجلی سے محروم ہیں۔ علاقے میں سکولز بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ کچھ سڑکیں بدستور گزرنے کے قابل نہیں ہیں کیونکہ علاقہ برفانی صورت حال کی لپیٹ میں ہے مقامی پولیس نے شدید برفباری کے بعد ہفتے کی شام کو اسے بڑا واقعہ قرار دیا، جس میں تقریباً 200گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں اور ان میں موجود لوگوں کو عارضی رہائش استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ الیکٹرسٹی نارتھ ویسٹ (ای این ڈبلیو ایل) لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ برف نے میلوں تک اوور ہیڈ لائنز کو شدید نقصان پہنچایا۔ نارتھ آف انگلینڈ میں میٹ آفس کی جانب کی برف پڑنے کی وارننگ اگلے روز دوپہر تک برقرار ہے۔ علاقے میں سکول بند کر دیئے گئے ہیں کیونکہ سڑکیں گزرنے کے قابل نہیں ہیں، گاڑیاں برف میں پھنسی ہوئی ہیں۔ کمبریا پولیس نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں پر سفر کرنے میں احتیاط برتیں کیونکہ برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ کچھ سڑکیں گزرنے کے بالکل قابل نہیں ہیں۔ ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل اپنے راستے کو چیک کریں کینڈل ایمبل سائیڈ، لینگڈل،الورسٹن اور بیرو ان فرنس سمیت کچھ علاقوں میں پیرکو تقریباً 45سکول بند تھے مورلینڈ فرنس اور کمبرلینڈ میں سکول بند ہونے کی فہرست ویب سائٹ پر موجود ہے۔ ہفتہ کو میٹ آفس کی جانب سے برفباری کیلئے امبر وارننگ جاری ہونے کے بعد ملٹی ایجنسی رسپانس کا آغاز کیا گیا تھا میٹ آفس وارننگ کے مطابق کچھ علاقوں میں 4سے 6انچ (10-15سینٹی میٹر) برف باری کا امکان تھا۔ لینگڈل،ایمبل سائیڈ مائونٹبین ریسکیو ٹیم (ایل اے ڈبلیو آر ٹی) نے اس صورتحال کو شدید موسم قرار دیا اور کہا کہ اس نے ویک اینڈ میں کئی واقعات میں ایمرجنسی سروسز کو مدد کیلئے بلانا پڑا تھا۔ مدد کیلئے کال آؤٹ میں وہ ٹیمیں شامل تھیں جو ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے،مشتبہ اسٹروک اور سلیجنگ کے حادثے کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے حوالے سے سپورٹ فراہم کرتی ہیں۔ ای این ڈبلیو ایل کا کہنا ہے کہ انجینئرز رسد کی بحالی کیلئے سڑکیں سفر کے قابل نہیں ہیں اور ان مشکل حالات میں ہمارے انجینئرز حالات کو معمول پر لانے کیلئے جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔ کسٹمر ڈائریکٹر سٹیفنی ٹروبشا کا کہنا ہے کہ ہم نے کئی برسوں میں برفباری کی وجہ سے بلاشبہ ایسے کچھ بدترین حالات دیکھے ہیں۔ ایک ترجمان نے کہا کہ سٹاف رسد اور سفری راستوں کی مکمل بحالی کیلئے دن رات کام کر رہا ہے۔ پیر کی صبح تک تقریباً 6000 کسٹمرز کی سپلائی بحال کر دی گئی تھی۔ ای این ڈبلیو ایل نے کہا کہہماری ورک فورس باقی ماندہ 1,000 گھروں کو بجلی کی فراہمی بحال کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ کسٹمرز کیلئے الورسٹن کے گرینوڈ سروس سٹیشن پر پیر کی صبح مفت گرم کھانا دستیاب تھا۔