نامور کلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو انتقال کر گئے

December 06, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) نامور کلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، اہلخانہ نے تصدیق کردی، ان کی عمر 75 برس تھی۔ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ استاد حسین بخش گلو شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، وہ پٹیالہ گھرانے کے مشہور و معروف گلوکار استاد نتھو خان کے فرزند تھے جو استاد بڑے غلام علی خان کے بھی استاد تھے۔ استاد حسین بخش گلو لائٹ کلاسیکل اور غزل گائیکی پر پورا عبور رکھتے تھے اور ایک اچھے موسیقار بھی تھے، مرحوم ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور ہر جگہ پر اپنی گائیکی کے نقش چھوڑ آئے۔