برطانیہ آنے کی اہل حاملہ افغان خواتین پاکستان میں پھنس کر رہ گئیں

December 06, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک)برطانیہ آنے کی اہل حاملہ افغان خواتین پاکستان میں پھنس کر رہ گئیں، برٹش کونسل کے لیے کام کرنے والے یا اس سے وابستہ لوگوں کے بچے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق حاملہ افغان خواتین، جو برطانیہ میں دوبارہ آباد ہونے کی اہل ہیں، ان سے کہہ دیا گیا ہے کہ انہیں فوری طور پر نکالا نہ گیا تو ان کے بچے زندہ نہیں رہ پائیں گے۔ وہ خواتین، جنہوں نے برٹش کونسل کے لیے کام کیا یا اس سے وابستہ ہیں، کو افغان شہریوں کی آباد کاری اسکیم کے ذریعے نقل مکانی کا حق ہونا چاہئے۔ دفتر خارجہ اور ہوم آفس کی پاکستان منتقلی اور نقل مکانی کا انتظار کرنے کی ہدایات کے باوجود وہ اسکیم شروع ہونے کے تقریباً دو سال بعد طبی دیکھ بھال تک محدود رسائی والے ہوٹلوں میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ دریں اثناء یکم نومبر کو پاکستان نے غیر دستاویزی لوگوں کو افغانستان واپس بھیجنا شروع کیا جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ 1.7 ملین کو نکالے جانے کا خطرہ ہے۔ ان میں برٹش کونسل کی سابق اساتذہ بھی شامل ہیں جن میں سے بہت سے لوگوں نے اسلام آباد پہنچنے کے لیے پاسپورٹ اور ویزے پر پانچ ہزار پاؤنڈ تک خرچ کیے ہیں۔