نیب دفاتر کی سیکورٹی کیلئے 2 کروڑ 30 لاکھ روپے ادائیگی کی منظوری سے انکار

December 06, 2023

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے لاہور میں نیب دفاتر کی سیکورٹی کے لئے تعینات رینجرز کو اس ڈیوٹی کی مد میں 2کروڑ 30لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری سے انکار کر دیا ہے۔ رینجرز نے سیکورٹی ڈیوٹی کی مذکورہ رقم کی ادائیگی کے لئے نیب سے کو لکھا تھا جس پر جواب آیا کہ یہ رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی ۔ ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ گزشتہ دو سال سے زائد عرصہ سے نیب دفاتر میں سیکورٹی کے لئے تعینات رینجرز کو ڈیوٹیوں کی مد میں 2کروڑ 30لاکھ روپے کی ادائیگی کے لئے درخواست کی گئی تھی۔ نیب کے بعدمحکمہ داخلہ پنجاب نے یہ ادائیگی کرنے سے معذرت کی تھی۔ محکمہ داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ اس نے نیب کی سیکورٹی کے لئے رینجرز کی کوئی ریکوزیشن نہیں کی ۔ انہیں سول آرمڈ فورسز سیکورٹی ڈیوٹی کی مد میں صرف اس وقت قانونی طور پر ادائیگیوں کا اختیار ہے جب محکمہ نے رینجرز کو کسی کی سیکورٹی ڈیوٹی پر بلانے کے لئے خود ریکوزیشن بھجوائی ہو۔ اگر اس نے ریکوزیشن کئے بغیر مذکورہ رقم کی ادائیگی کر دی تو اس پر محکمہ آڈٹ اعتراض لگا دیگا ۔