فلسطین میں جنگ بندی، طبی امداد و ادویات فراہم کی جائیں‘ سیو غزہ مہم

February 23, 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سیو غزہ مہم کی سربراہ حمیرا طیبہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔ غزہ میں طبی امداد اور ادویات فوری فراہم کی جائیں۔ مصری حکومت رفح بارڈر کھولنے کا اعلان کرے۔ زخمیوں کی رفح کے فیلڈ ہسپتالوں اور پاکستان منتقلی‘ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ وہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان‘ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن‘ شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ حمیرا طیبہ نے کہا کہ 6ماہ کی جنگ کے دوران 37ہزار شہید ہو چکے جن میں سے 12ہزار سے زائد بچے شامل ہیں جبکہ 68ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیل نے 721صحت مراکز پر حملے کئے جن میں 645کارکن اور ڈاکٹرز شہید‘ 818زخمی ہوئے۔ غزہ کے تمام 36ہسپتالوں پر بمباری کی گئی۔ حکومت پاکستان اور انسانی حقوق عالمی تنظیمیں جنگ بندی کیلئے اقدامات کریں۔